ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں امریکی فضائی کارروائیوں کے بعد مزید 3 افراد کے جاں بحق اور 8 کے زخمی ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جبکہ ایرانی حکام نے امریکی اور اس کے اتحادی اہداف کے خلاف مختلف جوابی اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ہرمزگان کے نائب گورنر کا کہنا ہے کہ تازہ امریکی حملوں میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 8 زخمی ہوئے۔ اس سے ایک روز قبل بھی اسی صوبے میں ہونے والی فضائی کارروائی کے نتیجے میں 8 شہری ہلاک ہوئے تھے، جن میں خواتین اور معذور افراد بھی شامل تھے۔
دوسری جانب کویتی فوج نے بتایا ہے کہ اس نے اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے متعدد بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو ناکام بنایا۔ فوجی حکام کے مطابق حملوں میں بجلی کی تنصیبات اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ چند فوجی اہلکار زخمی ہوئے، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
ادھر مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے امریکی حملوں کے ردعمل میں اردن میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے پر میزائل داغے، جس کے نتیجے میں کئی امریکی اہلکار زخمی ہوئے، تاہم کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی۔ روسی ذرائع کے مطابق حملے سے قبل امریکی اہلکاروں کو وہاں سے منتقل نہیں کیا گیا تھا، جس کے باعث جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔