کراچی: عدالت نے مقدمے کی مزید کارروائی کے لیے گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا
کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں منشیات برآمدگی کے مقدمے میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کے کیس کی سماعت کے دوران اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ملزمہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں چار گواہوں نے ان کی شناخت کی۔ گواہوں میں لیڈی کانسٹیبل سونیا اشرف، تفتیشی افسر منصور، سب انسپکٹر عبدالستار اور اے ایس آئی اورنگزیب شامل تھے۔
گواہوں نے اپنے بیانات میں کہا کہ ملزمہ کو گارڈن کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے مقدمے کے حوالے سے شواہد بھی پیش کیے گئے۔
پبلک پراسیکیوٹر شکیل عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ کا کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) منشیات فروشوں سے رابطوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ ان کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی پولیس نے بھی ملزمہ کی شناخت کی ہے۔
عدالت نے سماعت کے بعد مزید گواہوں کو آئندہ پیشی پر طلب کرلیا تاکہ مقدمے کی کارروائی آگے بڑھائی جاسکے۔
