اوتھل (رپورٹ: غلام قادر خاصخیلی) لسبیلہ ڈویژن کے ہیڈکوارٹر اوتھل میں قومی شاہراہ کے زیرو پوائنٹ پر مسافر ویگن اور کوچ کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں سات مرد اور پانچ خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں بھی مرد اور خواتین شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مختلف ریسکیو اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل منتقل کیا گیا، جبکہ بعض زخمیوں کو مرک سینٹر وندر پہنچایا گیا۔ شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کراچی ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جائے حادثہ پر پہنچنے والوں میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ ڈاکٹر فرید اللہ شاہ ہاشمی، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل اویس واجد، ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی، ایدھی انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی، ایل ڈبلیو ٹی کے انچارج رمضان جاموٹ، ریسکیو 1122، مرک 1122 وندر، مرک لیاری اور اوتھل پولیس کے اہلکار شامل تھے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے بعض افراد کی شناخت نوراللہ، شریف، فضل کریم، حبیب اللہ، ارشد سباکی اور خیر بی بی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ویگن کراچی سے بیلہ جا رہی تھی، جبکہ مسافر کوچ کراچی کی جانب سفر کر رہی تھی۔ دونوں گاڑیاں اوتھل قومی شاہراہ کے زیرو پوائنٹ پر حادثے کا شکار ہوئیں۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے اور انہیں اسپتالوں تک پہنچانے کا عمل جاری رکھا۔
