راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران زیرِ سماعت مقدمے کا ایک قیدی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق 40 سالہ اویس احمد کی اچانک طبیعت خراب ہوئی، جس کے بعد اسے علاج کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی راستے میں دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق اویس احمد تھانہ جاتلی کے مقدمہ نمبر 283/24 میں دفعہ 9-C کے تحت زیرِ سماعت قیدی تھا۔
جاں بحق قیدی کی میت قانونی کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال کے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قیدی کے ہمراہ جیل پولیس اہلکار موجود تھا، جبکہ اڈیالہ چوکی اور تھانہ صدر بیرونی پولیس بھی موقع پر موجود رہی۔ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
