اسلام آباد (ڈسٹرکٹ نیوز) 27 اکتوبر یومِ سیاہ کے موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف اپنی فوجیں اتار کر ریاست کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کیا۔
اپنے خصوصی پیغامات میں رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارتی تسلط کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، سیاسی رہنماؤں اور نوجوانوں کی گرفتاریوں اور دیگر اقدامات کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت کم نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں صورتحال مزید سنگین ہوئی ہے۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
