پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتی بلکہ اس کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور مسلح افواج کی حمایت جماعت کا واضح مؤقف ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر اقدامات کرنے کے بجائے تحریک انصاف کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ان کا سوال تھا کہ حکومت کی ترجیح دہشت گردی کا خاتمہ ہے یا تحریک انصاف کو سیاسی طور پر ختم کرنا؟
شوکت یوسفزئی نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ان کارروائیوں کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں بھی مذاکرات ہو چکے ہیں اور تحریک انصاف دہشت گردی کی مخالفت کرتی رہی ہے۔
خیبرپختونخوا میں پولیس کے لیے فنڈز مختص کرنے سے متعلق الزامات پر بات کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے بجٹ کا دو فیصد پولیس پر خرچ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی نافذ کرکے پوری جماعت پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام لگانا درست نہیں، کیونکہ تحریک انصاف کسی بھی صورت دہشت گردی کی حامی نہیں ہے۔
