لاہور: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے 7 اگست کو مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور مختلف ٹیکسوں کے خلاف احتجاج میں عوامی شرکت کی اپیل کرتے ہوئے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز شام 4 بجے شہری سڑکوں پر نکلیں، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں روک کر پرامن انداز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح بجلی کے نرخوں میں اضافے کے خلاف عوام نے بھرپور آواز اٹھائی تھی، اسی طرح موجودہ معاشی حالات پر بھی متحد ہو کر ردعمل دینا ضروری ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات اور روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ پر بھاری ٹیکس عائد کر رکھے ہیں، جس کے باعث مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران متعدد اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول پر عائد لیوی کا بوجھ عام شہری، خصوصاً موٹر سائیکل استعمال کرنے والے افراد برداشت کر رہے ہیں، جبکہ مختلف بالواسطہ ٹیکسوں کے ذریعے وہ لوگ بھی محصولات ادا کر رہے ہیں جو براہِ راست ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں۔
امیر جماعت اسلامی کے مطابق حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران لیوی کی مد میں بڑی رقم وصول کی، جبکہ عام آدمی مسلسل مہنگائی کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام نے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند نہ کی تو مزید ٹیکس عائد کیے جا سکتے ہیں، اس لیے پرامن احتجاج وقت کی ضرورت ہے
