انگلینڈ کے اسٹار بیٹر جو روٹ نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 23 ہزار بین الاقوامی رنز مکمل کرکے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلے گئے میچ کے دوران جو روٹ نے 23 ہزار انٹرنیشنل رنز کا سنگ میل عبور کیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے آٹھویں اور انگلینڈ کے پہلے بلے باز بن گئے۔
روٹ نے یہ سنگ میل 521 اننگز میں حاصل کیا، جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 522 اننگز میں 23 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔ اس طرح روٹ تیز ترین 23 ہزار بین الاقوامی رنز مکمل کرنے والے بلے بازوں کی فہرست میں ٹنڈولکر سے آگے نکل گئے۔
اس فہرست میں ویرات کوہلی 490 اننگز میں 23 ہزار رنز مکمل کرکے پہلے نمبر پر ہیں۔ روٹ سے قبل سچن ٹنڈولکر، ویرات کوہلی، کمار سنگاکارا، رکی پونٹنگ، مہیلا جے وردھنے، جیک کیلس اور راہول ڈریوڈ بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
35 سالہ جو روٹ نے میچ میں 52 گیندوں پر 44 رنز بنائے، جس میں 5 چوکے شامل تھے۔ ان کے مجموعی بین الاقوامی رنز کی تعداد 23 ہزار 41 ہوگئی ہے۔
