لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کرلیا۔
یہ فیصلہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی نے انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور اور کھلاڑیوں نے سینٹرل کنٹریکٹس کے فیصلے پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔
ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس کا اجرا خوش آئند ہے اور اس اقدام سے انہیں بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے نوجوان کرکٹرز کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، جبکہ چیئرمین پی سی بی کی جانب سے حوصلہ افزائی کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے لیے بھی باعثِ تقویت ہے۔
انگلینڈ کے خلاف یوتھ ون ڈے سیریز جیتنے والی پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں منعقد ہونے والے انڈر 19 ڈیولپمنٹ کیمپس سے کھلاڑیوں کو خاصا فائدہ ہوا۔
فرحان یوسف کے مطابق گزشتہ دو برس کے دوران ملتان میں منعقد کیے گئے انڈر 19 کیمپس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات حوصلہ افزا رہی اور انڈر 19 سطح پر پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس ملنا کھلاڑیوں کے لیے خوشی کا باعث ہے۔
دیگر کھلاڑیوں نے بھی سینٹرل کنٹریکٹس کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوان کرکٹرز کے اعتماد اور حوصلے میں اضافہ ہوگا اور وہ اپنی کرکٹ پر مزید توجہ مرکوز کرسکیں گے۔
