پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ناقص کارکردگی کے بعد اپنی فارم بہتر بنانے کے لیے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں او جی ڈی سی ایل کی ٹیم کی جانب سے بطور گیسٹ پلیئر کھیلیں گے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی اجازت طلب کی تھی تاکہ طویل فارمیٹ میں اپنی فارم اور ردھم بحال کرسکیں۔ پی سی بی کی جانب سے او جی ڈی سی ایل کے ساتھ اس حوالے سے انتظام کیا گیا۔
بابر اعظم دسمبر 2022 کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ 2023 سے اب تک 39 ٹیسٹ اننگز میں ان کی بیٹنگ اوسط 30.43 رہی، جبکہ اس دوران وہ آٹھ نصف سنچریاں اسکور کرسکے ہیں۔
ان کی آخری ٹیسٹ سنچری نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گئے میچ میں 161 رنز کی اننگز تھی۔
سابق کرکٹرز کی جانب سے بابر اعظم کی تکنیک اور شارٹ بال کے خلاف ان کی مشکلات پر بھی وقتاً فوقتاً تنقید کی جاتی رہی ہے۔
بابر اعظم تقریباً سات سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس آرہے ہیں۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2019 میں قائداعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کی تھی اور اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
اب او جی ڈی سی ایل کے لیے بابر اعظم کی شمولیت کو بھی اہم قرار دیا جارہا ہے، جبکہ فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر عامر جمال بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں بطور گیسٹ پلیئر ایکشن میں ہیں۔
