بھارت کے معروف بیٹر ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرلیا۔ وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 13 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
37 سالہ ویرات کوہلی نے یہ اعزاز نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے سیریز کے افتتاحی میچ کے دوران حاصل کیا۔ اس سنگ میل تک پہنچنے کے لیے انہیں صرف 12 رنز درکار تھے، جو انہوں نے اپنی اننگز کی 13ویں گیند پر مکمل کرلیے۔
بھارتی بیٹر نے یہ کارنامہ 251 اننگز میں انجام دیا۔ نمبر تین پر کھیلتے ہوئے ان کی بیٹنگ اوسط 61.55 ہے، جبکہ اس پوزیشن پر وہ 48 سنچریز اور تقریباً 70 نصف سنچریز بھی بنا چکے ہیں۔
اس فہرست میں سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ 12 ہزار 662 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا 9 ہزار 747 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقا کے جیک کیلس 7 ہزار 774 اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 6 ہزار 504 رنز کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔
موجودہ کھلاڑیوں میں پاکستان کے بابر اعظم 6 ہزار 54 رنز اور انگلینڈ کے جو روٹ 5 ہزار 525 رنز کے ساتھ کوہلی سے کافی پیچھے ہیں۔ دوسری جانب کوہلی نے 2026 میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور نیوزی لینڈ سیریز سے قبل 9 اننگز میں 552 رنز بنا چکے تھے، جن میں دو سنچریز اور تین نصف سنچریز شامل ہیں۔
