کوئٹہ: شہر اور ملحقہ علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد موسم سرد اور خوشگوار ہوگیا، جبکہ طویل خشک سالی کے خاتمے پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے سے موسم میں تبدیلی آگئی۔ طویل عرصے سے بارش نہ ہونے کے باعث خشک موسم کا سامنا کرنے والے شہریوں نے بارش کو خوش آئند قرار دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے نواحی علاقوں اور پہاڑی مقامات پر موسلادھار بارش ریکارڈ کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم مزید سرد ہوسکتا ہے۔
