اسلام آباد: حکومت نے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے انٹیلی جنس آپریشنز کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اور داخلی سلامتی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مختلف شعبوں میں اب تک کیے گئے اقدامات کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا، جبکہ اے آر ڈی سی کی کارکردگی بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھی۔
وزیراعظم نے وفاقی حکومت، صوبائی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا کے لیے وفاق کی جانب سے اعلان کردہ 160 ارب روپے کے پیکیج پر عمل درآمد کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
