پاکستان اور لبنان نے دہشت گردی، منشیات، غیر قانونی امیگریشن، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائم سمیت مختلف سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے اسلام آباد میں وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔
ملاقات میں سیکیورٹی تعاون کے فروغ، دہشت گردی اور منشیات کی روک تھام، سائبر کرائم کے خلاف اقدامات اور غیر قانونی امیگریشن جیسے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک نے پولیس اکیڈمیوں اور تربیتی پروگرامز میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا، جبکہ باہمی رابطوں کو مؤثر بنانے کے لیے فوکل پرسنز مقرر کرنے اور وزارت داخلہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر جلد دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مذاکرات میں دہشت گرد عناصر اور منشیات کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کے لیے انٹیلیجنس معلومات کے تبادلے پر بھی اتفاق ہوا۔
پاکستان اور لبنان نے انسداد منشیات کے شعبے میں پہلے سے موجود تعاون کے معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزہ فری انٹری کی سہولت کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔
لبنانی وزیر داخلہ نے پاکستان کی جانب سے دی جانے والی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لبنان پاکستان کو ایک برادر ملک سمجھتا ہے اور داخلی سیکیورٹی سمیت مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے۔
