پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور میں واقع عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حوالے کرنے کے معاملے پر مشاورت کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان اس حوالے سے رابطے جاری ہیں، جبکہ شرائط و ضوابط طے کرنے کے لیے مذاکرات کے دو ادوار بھی ہو چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم سے متعلق پی سی بی کے موجودہ انتظامی معاہدوں کا بھی جائزہ لے رہی ہے تاکہ مستقبل کے ممکنہ معاہدے کے لیے مختلف ماڈلز کا تقابلی مطالعہ کیا جا سکے۔
خیبر پختونخوا کے مشیر کھیل تاج محمد ترند نے کہا کہ صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوں اور اس مقصد کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کو پی سی بی کے حوالے کرنے کا کوئی حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا، جبکہ قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل بینک اسٹیڈیم کے معاہدوں کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔