وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کے لیے ٹرانسفارمر بیسڈ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پورے فیڈر کے بجائے انفرادی ٹرانسفارمرز کی بنیاد پر بجلی کی فراہمی اور بندش کا نظام وضع کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر صوبے کے توانائی مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور صوبائی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا میں طویل لوڈشیڈنگ کا معاملہ اٹھایا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر پیٹرولیم، گورنر خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے مؤقف اختیار کیا کہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی عوام کو غیر ضروری طویل لوڈشیڈنگ سے بچایا جائے اور بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
نئے ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ نظام کے تحت پورے فیڈر کو بند کرنے کے بجائے مخصوص ٹرانسفارمرز کی سطح پر بجلی کی بندش کی جاسکے گی۔ اس طریقہ کار سے باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے والے صارفین کو خصوصی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
اجلاس میں وفاقی اور صوبائی قیادت نے خیبر پختونخوا میں توانائی کے مسائل کم کرنے اور صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا
