سری لنکا کے خلاف سنچری کے بعد منفرد جشن، سلمان علی آغا نے بتا دیا پیغام کس کے لیے تھا
پاکستانی بیٹر سلمان علی آغا نے سری لنکا کے خلاف شاندار سنچری بنا کر انٹرنیشنل کرکٹ میں نمایاں واپسی کی، تاہم ان کے منفرد انداز میں جشن منانے نے شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔
بعض حلقوں میں خیال ظاہر کیا گیا کہ سلمان علی آغا نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی کپتانی سے محرومی اور ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر ہونے کے بعد اپنے ناقدین کو جواب دینے کے لیے یہ انداز اپنایا، تاہم حقیقت اس سے مختلف نکلی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سلمان علی آغا نے وضاحت کی کہ ان کا منفرد جشن اپنے بیٹے کے لیے تھا۔ ان کے مطابق ان کا بیٹا ٹی وی پر کرکٹ دیکھتے ہوئے اسی انداز میں خوشی کا اظہار کرتا ہے، اسی لیے انہوں نے بھی ایسا ہی کیا۔
سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں سلمان علی آغا نے سری لنکا کے خلاف 90 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہوں نے صرف 82 گیندوں پر اپنی چوتھی ون ڈے سنچری مکمل کی، جو ان کی تیز ترین سنچری بھی ہے۔
یاد رہے کہ اگست 2026 میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں دوسرا ٹیسٹ 194 رنز سے ہارنے کے بعد پی سی بی نے سلمان علی آغا سمیت سات کھلاڑیوں کو ہنگامی بنیادوں پر پاکستان واپس بلا لیا تھا۔
اس مشکل وقت میں سلمان علی آغا نے ڈومیسٹک کرکٹ کا رخ کیا، جہاں انہوں نے پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے میچ میں ناقابل شکست 300 رنز کی اننگز کھیلی۔
