کراچی: سندھ کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی حاضری مانیٹر کرنے کے لیے فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم (FRAMES) کا پائلٹ منصوبہ 17 اگست سے شروع کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں سندھ کے 6 اضلاع کراچی ایسٹ، حیدرآباد، نوشہروفیروز، جیکب آباد، گھوٹکی اور عمرکوٹ شامل ہوں گے۔ اس نظام کے ذریعے تقریباً 49 ہزار 565 تدریسی اور نان ٹیچنگ ملازمین کی حاضری ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔
صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کے مطابق کامیاب پائلٹ مرحلے کے بعد FRAMES کو مرحلہ وار صوبے کے تمام اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ نظام کا مقصد صرف حاضری چیک کرنا نہیں بلکہ اسکولوں میں اساتذہ کی دستیابی یقینی بنانا بھی ہے۔
نئے نظام میں اساتذہ کے لیے موبائل فون کی انفرادی شرط نہیں ہوگی۔ وہ ہیڈ ماسٹر یا کسی ساتھی کے موبائل فون کے ذریعے بھی حاضری درج کرا سکیں گے۔ انٹرنیٹ نہ ہونے کی صورت میں بھی حاضری محفوظ رہے گی اور کنکشن بحال ہونے پر ڈیٹا خودکار طور پر اپڈیٹ ہوجائے گا۔
اساتذہ کو اسکول آمد اور روانگی، دونوں اوقات میں انٹری کرنا ہوگی، جبکہ وہ ایپ کے ذریعے اپنی حاضری کا ریکارڈ دیکھ اور ماہانہ رپورٹ ڈاؤن لوڈ بھی کرسکیں گے۔ چھٹی کی درخواست بھی آن لائن جمع اور منظور کرانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔
حکام کے مطابق نظام کے مؤثر استعمال کے لیے انتظامی افسران، اسکول سربراہان اور اساتذہ کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ تکنیکی مسائل کی نشاندہی اور فوری حل کے لیے بھی مانیٹرنگ میکنزم تیار کیا گیا ہے۔
FRAMES کا بنیادی مقصد سرکاری اسکولوں میں حاضری کے نظام کو ڈیجیٹل بنانا اور اساتذہ کی دستیابی کو زیادہ مؤثر انداز میں یقینی بنانا ہے۔
