اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت سے سود کی شرح میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سود میں 3 فیصد کمی کردی جائے تو پیٹرولیم لیوی عائد کرنے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ایک فیصد سود کم کرنے سے قومی خزانے کو 594 ارب روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سود میں کمی سمیت حکومت کے سامنے 6 نکات پیش کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین میں سود کے خاتمے کی بات کرنے کے باوجود اسے جاری رکھنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، اس لیے پہلے مرحلے میں سود کی شرح کو 9 فیصد تک لایا جائے۔
حافظ نعیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام کو دیا جانے والا موجودہ پیکیج ناکافی ہے اور بڑی تعداد میں شہری سبسڈی سے فائدہ نہیں اٹھا رہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں اضافہ کیوں کیا جارہا ہے، جبکہ آئی پی پیز اور ری گیسیفکیشن پلانٹس کو اب بھی کیپیسٹی پیمنٹس کی جارہی ہیں۔
