اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کی صحت اور اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں سے متعلق جیل سپرنٹنڈنٹ کی دو صفحات پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔
رپورٹ کے ساتھ 24 صفحات پر مشتمل اخباری تراشے اور بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔
جیل انتظامیہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی جیل رولز کے تحت ہر منگل کو ملاقات کرائی جاتی ہے اور اب تک 84 ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے کھانے پینے کی دن میں تین مرتبہ جانچ اور باقاعدگی سے طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔ مختلف سرکاری ڈاکٹرز اور طبی ماہرین بھی ان کا معائنہ کر چکے ہیں۔
جیل حکام کے مطابق آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر سے بھی بانی پی ٹی آئی کا علاج کرایا جاتا رہا ہے، جبکہ ایک آنکھ کی حالت تقریباً معمول پر آ چکی ہے۔
رپورٹ میں 4 نومبر 2023 سے 10 اگست 2026 تک 39 مختلف طبی ماہرین کی جانب سے کیے گئے معائنے کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔
جیل سپرنٹنڈنٹ نے سپریم کورٹ سے مقدمہ نمٹانے کی استدعا کی ہے۔ رپورٹ میں سلمان اکرم راجہ کی جانب سے ہائیکورٹ میں دی گئی اس یقین دہانی کا بھی حوالہ دیا گیا ہے کہ ملاقات کے بعد جیل احاطے میں میڈیا سے گفتگو نہیں کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق جیل انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ عدالتی ہدایات کے باوجود میڈیا سے گفتگو کی گئی، جسے حکم کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
