ڈیرہ اسماعیل خان ( فاروق بلوچ بیورو چیف ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں منشیات کی بین الصوبائی سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مغل کوٹ پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران 4 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی آئس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) ڈیرہ ضیاء الدین احمد کی خصوصی ہدایات پر ایس پی صدر ڈویژن آصف محمود کی زیرِ نگرانی اور ڈی ایس پی درازندہ صفدر خان، ایس ایچ او مغل کوٹ کلا خان اور انچارج مغل کوٹ رازق خان کی مشترکہ قیادت میں پولیس ٹیم نے بلوچستان کی جانب سے آنے والی مشکوک گاڑی (نمبر ZW-505) کو سرچ پوائنٹ پر تلاشی کے لیے روکا۔ دورانِ تلاشی گاڑی کے نہایت مہارت سے بنائے گئے خفیہ خانوں سے 4 کلو گرام آئس برآمد ہوئی۔پولیس نے موقع پر ہی کار میں سوار دونوں ملزمان ڈرائیور فہیم اللہ ولد امان اللہ اور نور شاد اللہ ولد حبیب اللہ (سکنائے ڈومیل، بنوں) کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔ ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ (FIR) درج کر کے انہیں پابندِ سلاسل کر دیا گیا ہے اور کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔ اس موقع پر ایس پی صدر ڈویژن آصف محمود نے عزم ظاہر کیا کہ منشیات سمگلنگ معاشرے کے لیے ایک ناسور ہے اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
