لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ایکسپو سنٹر لاہور میں ’’میرا برانڈ پاکستان‘‘ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے یومِ آزادی کے موقع پر قومی پرچم بھی لہرایا۔ تقریب میں صدر لاہور چیمبر آف کامرس فہیم الرحمن سہگل سمیت مختلف کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ’’میرا برانڈ پاکستان‘‘ کا مقصد پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینا اور غیر ملکی مصنوعات کے متبادل کے طور پر مقامی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی مصنوعات معیار کے اعتبار سے دنیا کی مارکیٹوں میں اپنی جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، تاہم اس کے لیے صنعتکاروں کو حکومتی سطح پر مزید سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے پالیسیوں میں بہتری اور کاروباری رکاوٹوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانا ’’میرا برانڈ پاکستان‘‘ کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ اس سلسلے میں اسلام آباد میں بھی نمائش منعقد کی جائے گی، جبکہ مستقبل میں بنگلہ دیش میں بھی پاکستانی مصنوعات کی نمائش کا منصوبہ ہے۔
دوسری جانب صدر لاہور چیمبر آف کامرس فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستانی مصنوعات کو مقامی و عالمی مارکیٹوں تک پہنچانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
فہیم الرحمن سہگل کے مطابق کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں تو ملکی معیشت تیزی سے ترقی کر سکتی ہے۔ انہوں نے برآمدات میں اضافے، تکنیکی تعلیم کے فروغ اور خام مال کے بجائے تیار مصنوعات برآمد کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک پاکستانی مصنوعات کی نمائشوں کا انعقاد جاری رکھے گا تاکہ ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ مصنوعات کو عالمی سطح پر فروغ دیا جا سکے۔
