کراچی: پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
مرتضیٰ وہاب نے فاتحہ خوانی کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر عزت حاصل کی ہے جس پر پوری قوم کو خوشی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا گیا، تاہم وہ کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کی جانب پیش رفت ہوئی ہے اور اب سب کو متحد ہو کر ملکی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منفی پروپیگنڈے کے باوجود کراچی ترقی کی جانب گامزن ہے اور شہر کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے محبت اور خدمت کا ثبوت دیا ہے۔
بلدیاتی نظام کے حوالے سے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ بعض حلقوں کی ترجیح مؤثر بلدیاتی نظام کے بجائے مخصوص سیاسی نظام ہے، جبکہ ماضی میں شہر کو سیاسی طور پر یرغمال بنانے کی کوششیں بھی کی گئیں۔
پنجاب میں حالیہ بارشوں اور قدرتی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ قدرتی آفات کسی کے اختیار میں نہیں ہوتیں اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ملک بھر کے عوام کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاہور، گوجرانوالہ، اسلام آباد اور دیگر شہروں کے عوام بھی کراچی کے شہریوں کی طرح قابل احترام ہیں۔
