اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز اسپتال کی نرسری میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحے میں غفلت یا کوتاہی کے ذمہ دار کسی بھی شخص کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے جاں بحق ہونے والے نومولود بچوں کے والدین سے دلی تعزیت کی اور کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود کو وزیراعظم کے سامنے احتساب کے لیے پیش کردیا ہے۔ ان کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آنے والے حقائق کی بنیاد پر ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں صبح 6 بج کر 38 منٹ پر سپارک نظر آتا ہے، جبکہ تقریباً 7 بجے تک کمروں میں دھواں پھیل چکا تھا۔ ان کے مطابق ابتدائی طور پر اے سی کے اندر سپارک ہونے کی اطلاع سامنے آئی، جس کے بعد نرسنگ اسٹاف نے مدد کے لیے آوازیں دیں۔
