اسلام آباد: وزیراعظم اپنا گھر ہاؤسنگ پروگرام میں شہریوں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جہاں اسکیم کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد 52 فیصد اضافے کے بعد ایک لاکھ 39 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت رسائی فنانس اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم اپنا گھر پروگرام سمیت ہاؤسنگ فنانسنگ سے متعلق مختلف معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق جون کے بعد وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے لیے درخواستوں میں 52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح پروگرام کے تحت جاری کیے جانے والے قرضوں کی تعداد میں بھی 59 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اعلامیے کے مطابق زرخیز اسکیم کے تحت منظور شدہ فنانسنگ کی مجموعی مالیت 7.2 ارب روپے سے تجاوز کرچکی ہے، جس سے ہاؤسنگ فنانسنگ میں بڑھتی ہوئی سرگرمی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ گھروں کی تعمیر اور خریداری کے لیے فنانسنگ کے راستے میں آنے والی رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے انہیں واضح سفارشات کے ساتھ اسٹیئرنگ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے۔
حکام کے مطابق حکومت کی جانب سے ہاؤسنگ فنانسنگ کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد شہریوں کو اپنا گھر بنانے یا خریدنے کے لیے مالی سہولت تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
