وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بنکاک میں عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ، معاشی صورتحال اور بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات ورلڈ بینک گروپ اور عالمی مالیاتی فنڈ کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ہوئی۔ اس دوران پاکستان کے معاشی منظرنامے، خودمختار کریڈٹ پروفائل اور مالیاتی و بیرونی شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری، معاشی اشاریوں میں پیش رفت اور عالمی سرمایہ منڈیوں میں واپسی کے امکانات زیر بحث آئے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت بیرونی قرضوں کے مجموعی حجم میں اضافہ کیے بغیر مہنگے اور قلیل مدتی قرضوں کی جگہ طویل مدتی مالی وسائل حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پاکستانی وفد نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، جاری کھاتے کے خسارے کو محدود رکھنے اور اسٹیٹ بینک کی فارورڈ واجبات میں کمی سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد بھی ساختی اصلاحات جاری رکھی جائیں گی اور برآمدات پر مبنی پائیدار معاشی ترقی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
محمد اورنگزیب نے موڈیز کے نمائندوں سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں مزید بہتری کے امکانات پر رائے طلب کی۔ ملاقات میں اس بات پر بھی گفتگو ہوئی کہ ریٹنگ کے جائزے کے دوران سیاسی خطرات اور معاشی کارکردگی دونوں کو مناسب اہمیت دی جائے۔
