کوئٹہ، 7 ستمبر 2026: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں، شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے جانبازوں نے دفاعِ وطن کے لیے جرات، شجاعت اور قربانی کی لازوال مثالیں قائم کیں۔ ان شہداء کی قربانیاں نئی نسل کے لیے عزم، حوصلے اور حب الوطنی کا روشن استعارہ ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں معرکۂ حق کے دوران پاک فضائیہ نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، جدید جنگی صلاحیت اور بے مثال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی فضائی حدود کے دفاع کی شاندار روایت کو مزید مستحکم کیا۔ پاک فضائیہ کی مؤثر کارکردگی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور ثابت کیا کہ پاکستان کی فضائی حدود مضبوط اور باصلاحیت ہاتھوں میں محفوظ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یومِ فضائیہ محض ایک قومی دن نہیں بلکہ قومی اتحاد، غیر متزلزل عزم اور وطن سے وفاداری کے جذبے کی تجدید کا موقع بھی ہے۔ قوم پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور جرات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی خدمات پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کے حقیقی ہیروز ہیں، جن کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ پوری قوم شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاک فضائیہ کے تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر و استقامت دے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے غازیوں اور موجودہ شاہینوں کی سلامتی، کامیابی اور مزید سربلندی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
