حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں کو مرحلہ وار مارکیٹ سے منسلک کرنے اور جون 2027 تک اس شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا عبوری ہدف مقرر کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے موجودہ نظام میں اصلاحات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ مستقبل میں قیمتوں کا تعین مارکیٹ کے حالات اور عالمی رجحانات سے زیادہ براہِ راست منسلک کیا جائے۔
اجلاس میں ڈیزل کی قیمتوں میں اچانک اور بڑے اضافے یا کمی کے اثرات کو محدود کرنے کے لیے بھی قواعد مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ صارفین کو قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے ممکنہ حد تک تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی نے IFEM کے نئے طریقہ کار کی منظوری بھی دی۔ اس پیش رفت کے تحت پیٹرول کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے لیے جون 2027 کو عبوری ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
نئے نظام کا بنیادی مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں مارکیٹ کے کردار کو بڑھانا اور قیمتوں میں اچانک اتار چڑھاؤ کے اثرات کو منظم کرنا ہے۔
