امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ ایک معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو گرین لینڈ کی سیکیورٹی اور دفاع کے حوالے سے مستقل کردار حاصل ہوگا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ معاہدے کے تحت امریکا کو گرین لینڈ اور اپنی سیکیورٹی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی آزادی حاصل ہوگی۔
امریکی صدر کے مطابق اس معاہدے کے تحت امریکا کو کوئی اخراجات برداشت نہیں کرنا ہوں گے۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ کسی مخالف ملک کو امریکا کی واضح تحریری منظوری کے بغیر گرین لینڈ میں فوجی اڈہ قائم کرنے، فوجی موجودگی برقرار رکھنے یا حساس نوعیت کی سرمایہ کاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا گرین لینڈ کے موزوں علاقوں میں بڑی فوجی موجودگی قائم کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کرے گا اور اس سلسلے میں گرین لینڈ کے عوام کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے گرین لینڈ کی اسٹریٹجک اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سابق امریکی صدور بھی اس اہمیت سے آگاہ رہے ہیں، تاہم ان کے مطابق یہ معاملہ مستقل طور پر حل نہیں کیا جاسکا۔
ٹرمپ نے اس معاہدے کو امریکا، ڈنمارک، گرین لینڈ اور اتحادی ممالک کے لیے اہم قرار دیا۔
تاہم غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے معاہدے کے اعلان کے باوجود ڈنمارک اور گرین لینڈ کی حکومتوں کی جانب سے اس کی تفصیلات کی فوری طور پر عوامی سطح پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔
