جنیوا: پاکستان نے اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیفِ اسلحہ کے 2026 کے آخری اجلاس کی صدارت سنبھال لی ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان کی نمائندگی ایڈیشنل سیکریٹری برائے آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرمامنٹ اور ترجمان دفتر خارجہ سفیر طاہر حسین اندربی کر رہے ہیں۔
پاکستانی سفیر نے صدارت سنبھالنے کے بعد کانفرنس کے امور پر مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔ اس دوران انہوں نے رواں سال کانفرنس کی صدارت کرنے والے ممالک کے نمائندوں کے اجلاس کی سربراہی کی جبکہ مختلف علاقائی گروپس کے نمائندوں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کی زیرِ صدارت کانفرنس رواں سال کی کارروائی مکمل کرے گی۔ اس دوران سالانہ رپورٹ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی میں پیش ہونے والی متعلقہ قرارداد پر مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے گا۔
اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیفِ اسلحہ عالمی سطح پر اس نوعیت کا اہم کثیرالجہتی فورم ہے جہاں اسلحہ کنٹرول اور تخفیفِ اسلحہ سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں پر مذاکرات کیے جاتے ہیں۔ جنیوا میں قائم اس کانفرنس کے 65 رکن ممالک ہیں، جن میں تمام جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستیں بھی شامل ہیں۔
کانفرنس کے اہم موضوعات میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ روکنا، جوہری جنگ کے خطرے کا خاتمہ اور خلا کو ہتھیاروں سے پاک رکھنے جیسے معاملات شامل ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق اس فورم اور اس سے وابستہ اداروں نے ماضی میں حیاتیاتی ہتھیاروں کے کنونشن، کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن اور جامع جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے سمیت کئی اہم عالمی معاہدوں کی تیاری میں کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان نے موجودہ عالمی سیکیورٹی صورتحال میں کانفرنس کی صدارت سنبھالنے کو ملک کی سفارتی صلاحیتوں پر عالمی اعتماد کا اظہار قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق یہ ذمہ داری پاکستان کو عالمی سطح پر آرمز کنٹرول، تخفیفِ اسلحہ، امن اور سلامتی سے متعلق مذاکرات میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
