نیویارک: پاکستان کا یومِ آزادی رواں برس نیویارک کے تاریخی سٹی ہال میں منایا گیا، جسے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے لیے ایک اہم اور یادگار پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریب نیویارک سٹی ہال کے اندر منعقد ہوئی۔ تقریب کا اہتمام نیویارک سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینین اور کونسل ممبر لنڈا لی نے مشترکہ طور پر کیا، جبکہ امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ نے بھی تعاون فراہم کیا۔
نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد آتوزئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منتظمین اور شریک منتخب نمائندوں کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹی ہال میں پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریب کا انعقاد پاکستانی کمیونٹی سے محبت اور دیرینہ وابستگی کا اظہار ہے۔
انہوں نے اس موقع کو پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کے لیے باعثِ فخر اور ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔
تقریب میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کے افراد، منتخب نمائندوں، ارکانِ پارلیمنٹ اور میڈیا سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نیویارک سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینین نے شہر کی ترقی میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے نیویارک کی معاشی اور سماجی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے کے ساتھ پاکستان اور امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات بھی مضبوط رکھے ہیں۔
دیگر مقررین نے بھی پاکستانی امریکی کمیونٹی کی محنت، استقامت اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کمیونٹی پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں ایک اہم رابطے کا کردار ادا کر رہی ہے۔
نیویارک سٹی ہال میں یومِ آزادی کی یہ تقریب پاکستانی امریکی کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور شہر کے سماجی، معاشی اور شہری شعبوں میں اس کی خدمات کے اعتراف کی علامت بن گئی۔
