کراچی: سعید آباد، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، نارتھ ناظم آباد اور تیموریہ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران مبینہ مقابلوں کے بعد 4 زخمیوں سمیت 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق سعید آباد میں مرشد اسپتال اور خاصخیلی قبرستان کے قریب کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک زخمی تھا۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے پستول، گولیاں، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری کارروائی نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے سیکٹر 6/B ندی کے قریب ہوئی، جہاں مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس کا ساتھی فرار ہوگیا، جبکہ گرفتار ملزم سے اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔
نارتھ ناظم آباد میں اصغر علی شاہ گراؤنڈ کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک زخمی ملزم کو حراست میں لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول، گولیاں، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کرنے کی اطلاع دی ہے۔
اسی طرح تیموریہ پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک N میں ڈینٹل کالج کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک زخمی ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق اس کے ساتھی نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، جبکہ گرفتار ملزم سے پستول، گولیاں، موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
