کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ اور تقدس پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا اور سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ ملک کی سلامتی، وقار اور تحفظ کی ذمہ داری نئے فارغ التحصیل کیڈٹس کے کندھوں پر ہے۔ انہوں نے کیڈٹس کو ہدایت کی کہ وہ دیانت داری اور بہادری کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیں اور چیلنجز کا مقابلہ کریں۔
جنرل سید عامر رضا کا کہنا تھا کہ خواتین کیڈٹس کی شرکت باعثِ فخر ہے، جبکہ افواجِ پاکستان نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے واضح کیا کہ پاک فوج ملک کے ہر حصے کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی سرحدی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے فوری خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا دیرینہ تنازع اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
