نئی دہلی: بھارتی فوج کے ریٹائرڈ میجر جنرل راجن کوچہر نے اعتراف کیا ہے کہ مئی 2025 میں پاک بھارت جنگ کے دوران بھارتی میڈیا کے بیشتر چینلز حقائق کے منافی رپورٹنگ کررہے تھے۔
سابق بھارتی فوجی افسر کے مطابق آپریشن سندور کے دوران بھارتی میڈیا کے پاس زمینی حقائق پر مبنی مصدقہ معلومات موجود نہیں تھیں اور تقریباً 90 فیصد بھارتی میڈیا چینلز جنگ سے متعلق غیر حقیقی دعوے نشر کررہے تھے۔
میجر جنرل (ر) راجن کوچہر نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی ٹی وی چینلز نے بعض اوقات خود ہی کہانیاں تخلیق کرکے انہیں خبر کے طور پر پیش کیا۔
ان کے مطابق جنگ کے دوران بھارتی میڈیا میں ایسے بیانیے بھی سامنے آئے جو زمینی صورتحال سے مطابقت نہیں رکھتے تھے۔
سابق بھارتی افسر کے اس بیان نے بھارتی میڈیا کی جنگی رپورٹنگ کے حوالے سے ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران بعض بھارتی چینلز نے سنسنی خیزی اور غیر مصدقہ دعووں کو فروغ دیا، جس سے میڈیا کی ساکھ متاثر ہوئی۔
