وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو واضح ہوجائے گا کہ ریاست اپنی رِٹ کیسے قائم کرتی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پی ٹی آئی کے مجوزہ اسلام آباد مارچ کے حوالے سے کہا کہ حکومت ریاستی رِٹ برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کو اسلام آباد آمد کے معاملے پر دوبارہ سخت اقدامات کا سامنا کرنا پڑے، تاہم 27 ستمبر کو صورتحال واضح ہوجائے گی۔
وزیر مملکت نے خیبرپختونخوا حکومت پر بھی تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ صوبائی حکومت انسداد دہشتگردی سے متعلق وزیراعظم کے سہ ماہی اجلاسوں میں شرکت سے گریز کرتی ہے، جبکہ این ایف سی ایوارڈ میں حصے اور وفاقی فنڈز کے معاملے پر وفاق سے رابطہ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو این ایف سی کے تحت اب تک 700 ارب روپے فراہم کیے جاچکے ہیں اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان فنڈز کے استعمال کا حساب دے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ صوبائی حکومت کو سیاسی دھرنوں اور مارچ کے بجائے صوبے میں ترقیاتی اور انتظامی کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے۔
