پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کی منسوخی کو بانی چیئرمین سے ملاقات سے مشروط کردیا
پشاور: تحریک انصاف کی سیاسی و کور کمیٹی کے اجلاس میں حکومت سے مذاکرات اور لانگ مارچ کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق رات گئے ہونے والے اجلاس میں بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ نے حکومتی مذاکرات سے متعلق شرکاء کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ لانگ مارچ کی صورت میں وفاقی حکومت صوبائی حکومت اور تحریک انصاف کے خلاف ممکنہ اقدامات کرسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی ممکنہ کارروائی سے بچنے کے لیے اجلاس میں لانگ مارچ ملتوی کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ ملتوی کرنے کا فیصلہ بانی چیئرمین ہی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں بانی چیئرمین سے ملاقات کی شرط رکھی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ہونے والے حکومتی مذاکرات میں بانی چیئرمین سے ملاقات کے معاملے کو اہم مطالبے کے طور پر پیش کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
