ڈیرہ اسماعیل خان (ڈسٹرکٹ نیوز)
درابن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرکے چار چوری شدہ ٹرانسفارمر کوائل اور تین موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ ضیاء الدین احمد کی ہدایات پر ایس پی صدر ڈویژن آصف محمود کی نگرانی اور ڈی ایس پی درابن سرکل محمد اسلم بلوچ کی قیادت میں ایس ایچ او درابن محمد سلیم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران چوری میں ملوث ملزم وحید ولد محمد اسلم، قوم حجام، سکنہ درازندہ کو قانونی ضابطے کے مطابق گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے چار چوری شدہ ٹرانسفارمر کوائل اور تین موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔
ڈی ایس پی درابن نے کہا کہ درابن سرکل میں چوری اور ڈکیتی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
