.
جمال رئیسانی کا کھلاڑیوں کے لیے بڑا تحفہ
ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھلاڑیوں کے لیے بڑا تحفہ، نوابزادہ جمال رئیسانی کے خصوصی فنڈ سے کھیلوں کا سامان اور کٹس تقسیم
کوئٹہ (ڈسٹرکٹ نیوز)
ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و ایم این اے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے اپنے خصوصی فنڈ سے کوئٹہ بالخصوص این اے 264 سریاب سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کھلاڑیوں میں فٹبال، کرکٹ، ہاکی، بیڈمنٹن، باکسنگ، کراٹے سمیت مختلف کھیلوں کا سامان اور کھیلوں کی کٹس تقسیم کیں۔
تقریب میں سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان درا بلوچ، پیپلز پارٹی رہنماؤں میر فرید خان رئیسانی، شہزادہ خان کاکڑ، اسپورٹس ونگ کے صدر حاجی میر ریاض احمد شاہوانی اور ہادی عسکری ہزارہ سمیت کوچز، کھلاڑیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان خصوصاً کوئٹہ کے نوجوان بے پناہ ٹیلنٹ رکھتے ہیں، انہیں مناسب سہولیات، تربیت اور مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کھیل نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں سے جوڑنے اور منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ این اے 264 سریاب سمیت کوئٹہ کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کی سرپرستی ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور بلوچستان کے نوجوان فٹبال، کرکٹ، ہاکی، بیڈمنٹن، باکسنگ، کراٹے سمیت مختلف کھیلوں میں قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک و صوبے کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
نوابزادہ جمال رئیسانی نے خواتین کھلاڑیوں کی شرکت کو بھی حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو کھیلوں سمیت ہر مثبت میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کی سرپرستی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے آئندہ بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں میں کھیلوں کا سامان اور کٹس تقسیم کی گئیں، جبکہ کھلاڑیوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔
ڈسٹرکٹ نیوز — لوکل سے گلوبل تک.
