کوئٹہ : ممتاز تاجر کا سرعام قتل، حکومت کیلئے سوالیہ نشان ہے ، ڈاکٹر مولانا علی محمد ابو تراب
صلاح الدین نورزئی کے قاتل گرفتار، قرار واقعی سزا دی جائے: ابوتراب 14 سالہ بیٹا 8 ماہ سے لاپتہ، اب والد بھی قتل؛ خاندان پر دوہرا قیامت خیز وار
کوئٹہ (ڈسٹرکٹ نیوز): مرکزی جمعیت اہلحدیث بلوچستان نے کوئٹہ کے مسلم آباد، مین ایئرپورٹ روڈ پر ممتاز تاجر حاجی صلاح الدین نورزئی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث بلوچستان کے امیر ڈاکٹر مولانا علی محمد ابوتراب نے کہا ہے کہ مصروف شاہراہ پر ایک ممتاز تاجر کو سرعام نشانہ بنایا گیا اور قاتل فرار ہوگئے، جو حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکامی کسی صورت قابل قبول نہیں، قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔ ڈاکٹر علی محمد ابوتراب نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا، بدامنی اور جرائم کے واقعات نے شہریوں میں خوف پیدا کردیا ہے۔ اگر کاروباری شخصیات بھی دن دہاڑے محفوظ نہیں تو عام شہری کس سے تحفظ کی امید رکھے؟ انہوں نے کہا کہ صلاح الدین نورزئی کے خاندان کا المیہ مزید سنگین ہے۔ ان کے 14 سالہ بیٹے جعفر خان کو آٹھ ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا جو تاحال لاپتہ ہے، جبکہ اب والد کو بھی قتل کردیا گیا۔ ایک ہی خاندان کا مسلسل دو بڑے سانحات کی زد میں آنا قانون کی عملداری اور شہری تحفظ کے نظام پر سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث بلوچستان کے دیگر رہنماؤں، جن میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر علی جان بلوچ، نائب امیر مولانا عبدالرازق خارانی، نائب امیر و سیکریٹری اطلاعات مولانا عصمت اللہ سالم، مفتی سمیع اللہ، مولانا زکریا ذاکر، مولانا حزب اللہ عثمانی، مولانا مسعود احمد پانیزئی، مولانا حزب اللہ رشید، حاجی حمد اللہ نورزئی، حاجی جعفر خان عمران زئی اور مولانا عطاء محمد کاکڑ شامل ہیں، نے بھی واقعے کی مذمت کی۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ صلاح الدین نورزئی کے قاتلوں کو فوری گرفتار، شفاف تفتیش مکمل اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے جبکہ مغوی جعفر خان کی بحفاظت بازیابی کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ڈاکٹر علی محمد ابوتراب نے کہا کہ ریاست کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ ہے۔ حکومت کو محض بیانات کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، ورنہ بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور بدامنی عوام کے اعتماد کو مزید مجروح کرے گی۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث نے صوبائی حکومت سے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کی وارداتوں کا سدباب کرنے اور شہریوں کو مؤثر تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ آخر میں رہنماؤں نے شہید حاجی صلاح الدین نورزئی کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور کاروباری برادری سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین۔