گوادر: جنت بازار میں موبائل فون کی دکان پر دستی بم حملے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے گزشتہ شب جنت بازار میں موبائل فون کی دکان کو دستی بم سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دکان میں موجود تین افراد زخمی ہوئے۔
زخمیوں کی شناخت شوکت، اس کے بیٹے باقر اور ظفر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں کا تعلق سندھ کے ضلع کشمور سے ہے۔
واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے محرکات کا تعین کیا جارہا ہے، جبکہ تاحال کسی گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
