واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس وقت واضح طور پر کسی کو معلوم نہیں کہ ایران کی حکومت اور ملک کا انتظام کون چلا رہا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے ایران کی موجودہ قیادت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے ایک اہم سوال یہ ہے کہ اس وقت ایران کی قیادت کس کے ہاتھ میں ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی دوسری سطح کی قیادت بھی ختم ہوچکی ہے اور موجودہ فیصلہ سازی کے نظام کے بارے میں واضح معلومات دستیاب نہیں۔
تاہم ٹرمپ نے یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ ایران کی ’دوسری صف کی قیادت‘ میں کن افراد کی بات کررہے تھے اور نہ ہی اس بارے میں تفصیلات فراہم کیں کہ ان کے مطابق اس وقت ایران کے حکومتی امور کون چلا رہا ہے۔
یہ بیان ایران اور امریکا کے درمیان جاری شدید فوجی و سیاسی کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان آئندہ اقدامات اور ممکنہ مذاکرات بھی اہم موضوع بنے ہوئے ہیں۔
