ڈیرہ اسماعیل خان(ڈسٹرکٹ نیوز)گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل سائنسز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ہدایت اللہ خٹک کے زیرِ اہتمام ایک پروقار اور شاندار سائنس ایگزیبیشن کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال تھے ۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عاصمہ سعید،رجسٹرار عمران اللہ مروت،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ظاہر شاہ مروت ،ڈائریکٹر ایفلییشن پروفیسر ڈاکٹر محمد عدیل،فیکلٹی ممبران اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ مختلف ڈگری کالجز کے طلبا و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔نمائش کا مقصد طلبا وطالبات کو جدید سائنسی رجحانات، دورِ حاضر کے سائنسی چیلنجز، عملی زندگی میں کیمسٹری کی اہمیت و افادیت اور انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل سائنسز کے علمی و تحقیقی کردار سے روشناس کرانا تھا۔سائنس ایگزیبیشن کے دوران ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبا وطالبات ،محققین نے اپنے جدید تحقیقی پروجیکٹس، سائنسی ماڈلز اور تحقیقی کام کو عملی مظاہروں کے ذریعے پیش کیا۔ اس موقع پر ڈگری کالجز کے انڈر گریجویٹ طلبا وطالبات نئے داخل ہونے والے ایم فل و پی ایچ ڈی طلبا و طالبات اور دیگر شرکا نے مختلف سائنسی پروجیکٹس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور محققین سے مختلف موضوعات پر سوالات بھی کیے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے سائنس ایگزیبیشن کا تفصیلی دورہ کیا اور طلبا، محققین اور اساتذہ سے طویل اور معلمانہ گفتگو کی۔ وائس چانسلر نے انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل سائنسز کی علمی و تحقیقی تاریخ کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شعبہ کیمسٹری کے اس تاریخی اور ممتاز مقام کو دوبارہ بحال کیا جائے گا جو ماضی میں اس کا طر امتیاز رہا ہے۔وائس چانسلر نے انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل سائنسز کے ان نامور گریجویٹس اور اساتذہ کا خصوصی ذکر کیا جو آج دنیا بھر میں ورلڈ رینیونڈ سائنسدانوں (World-Renowned Scientists) کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی میں اعلی معیار کی تحقیق اور عالمی سطح کی سائنسی سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے پی ایچ ڈی طلباو طالبات اور محققین کو ہدایت کی کہ وہ جدید اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ تحقیقی موضوعات، بالخصوص سولر سیلز (Solar Cells)، فوٹان کانسیپٹ (Photon Concept) اور توانائی کے بحران کے حل سے متعلق جدید سائنسی شعبوں پر خصوصی توجہ دیں، تاکہ گومل یونیورسٹی کی تحقیق کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔وائس چانسلر نے ریسرچ کوالٹی مزید بہتر بنانے کے لیے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل سائنسز میں جلد عالمی سطح کی بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد کے ساتھ ساتھ معیاری تحقیقی جرنلز کی اشاعت کی جانب بھی بھرپور پیش رفت کی جائے گی، تاکہ گومل یونیورسٹی کے تحقیقی کام کو عالمی سطح پر مثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔سائنس ایگزیبیشن میں پیش کیے گئے عملی سائنسی ماڈلز اور تحقیقی پروجیکٹس نے ڈگری کالجز کے انڈر گریجویٹ طلبا وطالبات پر بھی مثبت اثرات مرتب کیے۔ طلبہ نے جدید سائنسی تجربات اور تحقیقی منصوبوں کو قریب سے دیکھتے ہوئے عملی کیمسٹری میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ انہیں اعلی تعلیم، تحقیق اور بالخصوص ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح پر تعلیم جاری رکھنے کے لیے بھی بھرپور حوصلہ افزائی اور رہنمائی حاصل ہوئی۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نے سائنس ایگزیبیشن میں بہترین سائنسی پروجیکٹس اور تحقیقی کام پیش کرنے والے طلباو طالبات میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے۔ وائس چانسلر نے انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل سائنسز کی انتظامیہ، اساتذہ، محققین، طلبا و طالبات اور تمام شرکا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سائنس ایگزیبیشن کو ایک کامیاب، بامقصد اور یادگار علمی و سائنسی سرگرمی قرار دیا۔
