کراچی: گڈانی شپ ری سائیکلنگ کی جدید کاری کے لیے 12 ارب روپے کے منصوبے پر باقاعدہ کام شروع کردیا گیا ہے۔
وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت گڈانی شپ ری سائیکلنگ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں منصوبے کی پیش رفت اور گڈانی شپ ری سائیکلنگ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گڈانی شپ ری سائیکلنگ کو ہانگ کانگ کنونشن کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ 12 ارب روپے کے اس منصوبے کے تحت گڈانی کو جدید اور ماحول دوست شپ ری سائیکلنگ مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔
وزیر بحری امور کے مطابق شپ ری سائیکلنگ سے وابستہ مزدوروں کی صحت، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ گڈانی میں 30 بستروں پر مشتمل اسپتال، اسکول اور مزدور کالونی بھی تعمیر کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گڈانی میں صنعتی اور خطرناک فضلے کے مؤثر انتظام کے لیے خصوصی سہولیات قائم کی جائیں گی تاکہ شپ ری سائیکلنگ کے عمل کو ماحول دوست اور محفوظ بنایا جا سکے۔
جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ گڈانی شپ ری سائیکلنگ کی اپ گریڈیشن سے سرکلر اکانومی کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ گڈانی میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ماحولیاتی پائیداری کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
