امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے تسلیم کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ ریپبلکنز کی وسط مدتی انتخابات میں ناکامی کی بنیادی وجہ بنی۔ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنگی پالیسی پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جے ڈی وینس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ریپبلکنز کی شکست کی اصل وجہ تقریباً سب کے سامنے ہے اور وہ ایران کے ساتھ جنگ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ جنگ کے عوض سینیٹ میں آئندہ چھ سال کے لیے اکثریت سے محروم ہونا درست فیصلہ تھا تو اسے کھل کر اپنے مؤقف کا دفاع کرنا چاہیے۔
جے ڈی وینس کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز کو بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ان کے اس مؤقف کو ایران جنگ سے سیاسی طور پر فاصلہ اختیار کرنے کی کوشش بھی قرار دیا جا رہا ہے، بالخصوص اس تناظر میں کہ انہیں 2028 کے صدارتی انتخابات میں ممکنہ امیدوار سمجھا جاتا ہے۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی انتخابی شکست میں ایران جنگ کے کردار کو تسلیم کیا، تاہم انہوں نے جنگ شروع کرنے کے فیصلے پر کسی قسم کی ندامت ظاہر نہیں کی۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے درست فیصلہ کیا تھا اور اگر انہیں دوبارہ موقع ملا تو وہ ایک بار پھر یہی قدم اٹھائیں گے۔
