یورپ: مختلف یورپی ممالک میں مسافر طیاروں کو بم سے تباہ کرنے کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد فضائی آپریشن متاثر ہوگئے، جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات 5 نومبر 2026 کو آئرلینڈ، اٹلی، فرانس، بلغاریہ، بیلجیئم اور فن لینڈ سمیت کئی ممالک کی پروازیں سکیورٹی الرٹس کی زد میں آئیں۔
آئرلینڈ کی فضائی کمپنی ایئرلنگس کی ڈبلن سے روم جانے والی پرواز کو بم کی دھمکی ملنے پر فرانس کے شہر پیرس کے مغرب میں واقع ایورے فوجی ہوائی اڈے پر اتارنے کا فیصلہ کیا گیا۔
طیارے میں 151 مسافر اور عملے کے 6 افراد موجود تھے، جنہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ بعد ازاں بم ڈسپوزل ماہرین نے جہاز کی مکمل تلاشی لی۔
بلغاریہ میں بھی کوپن ہیگن اور میڈرڈ سے آنے والی پروازوں کو صوفیہ جبکہ لندن سے آنے والے طیارے کو پلوودیو ایئرپورٹ منتقل کیا گیا۔
اسی طرح پولینڈ کی فضائی کمپنی ایل او ٹی، میلان سے وارسا جانے والی وِز ایئر اور فن لینڈ کی فِن ایئر کی پروازیں بھی سکیورٹی الرٹس کے باعث متاثر ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق بعض طیاروں کی فضائی نگرانی کے لیے لڑاکا جہاز بھی تعینات کیے گئے۔ اطالوی فضائیہ نے ہیلسنکی سے روم آنے والی فِن ایئر کی پرواز کو حفاظتی نگرانی فراہم کی۔
متاثرہ پروازوں کی لینڈنگ کے بعد متعلقہ ہوائی اڈوں پر سکیورٹی اداروں اور بم ڈسپوزل ٹیموں نے طیاروں کی جانچ پڑتال
