مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد مسلم لیگ ن نے واضح برتری حاصل کرلی ہے اور حکومت سازی کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی ہے۔
مخصوص نشستوں میں سے مسلم لیگ ن نے 6 نشستیں حاصل کیں، جس کے بعد اسمبلی میں ن لیگ کے ارکان کی تعداد 32 تک پہنچ گئی، جبکہ پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 14 ہوگئی۔
ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی 26 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ذوالفقار علی نے 12 ووٹ حاصل کیے۔
علماء و مشائخ کی مخصوص نشست پر بھی ن لیگ کے محمد مظہر سعید نے 26 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے حافظ طارق کو 12 ووٹ ملے۔
خواتین کی 5 مخصوص نشستوں میں سے 3 نشستیں مسلم لیگ ن کے حصے میں آئیں، جہاں مریم زمان، مریم ادریس اور سحرش قمر کامیاب قرار پائیں۔ پیپلز پارٹی کی فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید راجہ بھی خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہوئیں۔
اوورسیز نشست پر عبدالرحمان آرائیں پہلے ہی بلا مقابلہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔
مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا اگلا مرحلہ شروع ہوگیا ہے، جبکہ وزیراعظم کے انتخاب کی تیاریاں بھی تیز کردی گئی ہیں۔ مسلم لیگ ن کی عددی برتری کے باعث حکومت بنانے کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے۔
