مظفرآباد(پی آئی ڈی)24 اکتوبر 2026
آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے 79ویں یوم تاسیس کے موقع پرمرکزی تقریب کا انعقاد دارلحکومت مظفرآباد میں کیاگیا۔ پریڈ گراؤنڈ مظفرآباد میں منعقدہ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان تھے۔تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی، وزراء حکومت، ممبران اسمبلی، اعلیٰ فوجی افسران، سیکرٹریز حکومت، سیاسی قائدین سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ مرکزی تقریب میں پرچم کشائی کی۔ تقریب میں مہمان خصوصی کو پولیس کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔صدر ریاست نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ آزادجموں وکشمیر پولیس،رینجرز پولیس، وویمن پولیس،کمانڈوز، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122،گرلز گائیڈ،شہری دفاع، بوائز سکاوٹس کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ اس موقع پرگورنمنٹ سکولوں کے طلبا اور طالبات نے کشمیری ملی نغمے پیش کیے جن میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے عظیم حریت پسند عوام کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔صدر آزاد کشمیر نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی کے حامل افراد کو اعزازات سے نوازا۔ تقریب میں اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ جب تک مقبوضہ جموں وکشمیر ہندوستان کے غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی قبضے سے آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا اسوقت تک تحریک آزادی کشمیر جاری رہے گی۔
٭٭٭٭٭
