پشاور (کرائم رپورٹر شکیل خان) تھانہ گلبہار پولیس نے راہزنی کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث ملزم کو گرفتار کرکے ایک موٹر سائیکل اور 50 ہزار روپے نقد برآمد کر لیے۔
پولیس کے مطابق ایس پی فقیر آباد ڈویژن علی حمزہ بٹ کی ہدایات پر ڈی ایس پی گلبہار سرکل انعام اللہ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ گلبہار اصغر خان نے تفتیشی افسران اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کی۔ جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کے بعد ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت نعیم اللہ ولد حفیظ اللہ، سکنہ ہزار خوانی، کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شہریوں سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکلیں، نقدی اور دیگر قیمتی اشیا چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ہے۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل اور 50 ہزار روپے نقد برآمد کرکے مقدمات درج کر لیے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم سے مزید انکشافات متوقع ہیں۔
