اسماعیل خان : دہشت گردی کی 2 وارداتوں میں 5 سرکاری اہلکار شہید ، ایک زخمی
ڈیرہ اسماعیل خان ( فاروق بلوچ) ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کے دو الگ الگ واقعات میں ایف بی آر کے چار اہلکار اور ہائی وے ٹریفک پولیس کا ایک اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔دونوں واقعات کے بعد پولیس اور سکیورٹی اداروں نے شہر اور گردونواح میں سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔تفصیلات کے مطابق پہلا واقعہ تھانہ شورکوٹ کی حدود میں مفتی محمود چوک، سعد اللہ ہوٹل کے قریب پیش آیا، جہاں ہائی وے ٹریفک پولیس کی موبائل تھری ناکہ پر موجود تھی کہ نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں موبائل تھری کے ڈرائیور 34 سالہ حبیب ولد سبز علی مروت سکنہ شاہجہان شہید ٹاؤن موقع پر شہید جبکہ ہیڈ کانسٹیبل محمد سبحان ولد گل رئیس زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔شہید حبیب الرحمن محکمہ پولیس کے سابق سپرنٹنڈنٹ سبز علی خان کے صاحبزادے تھے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردیں، تاہم حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔دہشتگردی کا دوسرا واقعہ تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود قریشی موڑ، ابھایا پل بھٹی پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے دورانِ ڈیوٹی ایف بی آر کے اہلکاروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔نتیجے میں ایف بی آر کے چار اہلکار شہید ہوگئے،جن میں دو مستقل جبکہ دو کنٹریکٹ ملازمین شامل ہیں۔شہید اہلکاروں کی شناخت 29 سالہ وسیم ولد غلام یوسف لودھراں سکنہ بستی استرانہ جنوبی، 37 سالہ رحمت اللہ ولد میرباز خان سکنہ تترخیل لکی مروت، 25 سالہ سلمان الٰہی ولد الٰہی بخش سکنہ لانگ خیرشاہ اور محمد اویس ولد جہانگیر ڈولہ سکنہ بستی میہڑ ڈیال روڈ ڈیرہ اسماعیل خان کے نام سے ہوئی ہے۔دونوں واقعات کے بعد پولیس اور سکیورٹی اداروں نے ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور گردونواح میں سکیورٹی مزید سخت کردی جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا۔بعد ازاں تمام شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی۔