اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ ختم کرکے بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے دروازے مذاکرات کے لیے کھلے ہیں، تاہم بات چیت کے لیے احتجاج اور مارچ ختم کرنا ضروری ہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران حکومت اور اس کی ٹیم کی مسلسل محنت سے ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوا ہے، جسے برقرار رکھنا قومی مفاد میں انتہائی ضروری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوششیں کی گئیں لیکن انہیں کامیابی نہیں مل سکی۔ ان کے مطابق ایک طرف ملک ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ دوسری طرف احتجاجی سرگرمیوں کے باعث برآمدات، درآمدات اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کا براہ راست اثر ملکی معیشت پر پڑے گا۔ وزیراعظم نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ ملکی ترقی اور عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانے سے گریز کرے۔
